بھارت نے سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اسرائیلی ساختہ جدید ہیروپ ڈرون چھوڑ دیے، تاہم پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک 25 ڈرونز کو گرادیا ہے.
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان کی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارت کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔
پاک فوج کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اسکے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔
بیان جاری کئے جانے سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے نیوز بریفنگ سے کہا تھا کہ انڈیا نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے۔ بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکنا ہیں۔