امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی ذہین ہیں اور حیرت انگیز اشیا بناتے ہیں۔ میرے اچھے تعلقات کے باوجود پاکستان سے زیادہ تجارت نہیں ہوتی۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین سے ڈیل نہ کی تو روس پر تباہ کن پابندیاں عائد کریں گے۔ یوکرین کے صدر کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی شدید برہم تھے، ادلے کا بدلہ ہو رہاتھا۔ لڑائی بڑھ رہی تھی ،میزائل حملے کیے جارہے تھے۔ وہ مقام آگیا تھا کہ جب ایٹمی جنگ چھڑ جاتی ۔ اب پاکستان اور بھارت دونوں خوش ہیں۔ امریکی حکام کو کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کو فون کریں۔ ان سے تجارت اور ملاقاتوں کا آغاز کریں۔
امریکی صدر نےمزید کہا کہ ہم تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اورر امن کےلیے استعمال کر رہے ہیں۔ ہم تجارت کو بہت زیادہ بڑھائیں گے۔ وہ اپنے وعدے پورے کرنے والے انسان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت امریکی مصنوعات پر سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا ہے۔ بھارت نے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے لیکن اب وہ ٹیرف 100فیصد کم کرنے پر تیار ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی ذہین ہیں،حیرت انگیز اشیا بناتے ہیں، ہم پاکستان کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ میرے اچھے تعلقات کے باوجود پاکستان سے زیادہ تجارت نہیں ہوتی۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکہ سے تجارت کرے لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان سے بہت عمدہ بات ہوئی۔