وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ ایک وقت تھا جب ہمارے نشانے پر ان کے 10 طیارے تھے، وہ ادھار باقی ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کے لیے جدوجہد کی، جب سے آزادی حاصل کی، بھارت ہمارے خلاف ہے، نوجوان نسل کو تاریخ سے روشناس کروانا چاہیے۔
ہماری افواج نے بہادری سے دشمن کو بھرپور جواب دیا، اس وقت نریندر مودی اپنے زخم چاٹ رہا ہے، بھارت پاکستان پر حملے کے لیے بڑے بڑے جہاز لے کر آیا، جنہیں ہمارے شاہینوں نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں حساب کتاب کا بندہ نہیں، لیکن اتنا مجھے معلوم ہے کہ اگر دوبارہ کوشش کی گئی تو اس سے کرارا جواب ان کو ملے گا، پہلے جو کسر رہ گئی تھی، ویسے کسر تو نہیں رہی، ایک وقت تھا جب ہمارے نشانے پر ان کے 10 جہاز تھے، وہ ادھار باقی ہے۔
نریندر مودی اپنے زخم چاٹ رہا ہے، بھارت ہم پر حملے کے لیے بڑے بڑے جہاز لے کر آیا جنہیں ہماری افواج نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا، ہماری افواج نے جذبے کے ساتھ دشمن کو شکست دی، پاک فوج کی بہادری کی داستان کتابوں میں بیان کی جائیں گی۔