اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی شادی ناکام ہوگئی ۔ وہ کچھ برس پہلے ہی دوسری شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن تب ان کا بیٹا چھوٹا تھا اور وہ چاہتی تھیں کہ ان کا بیٹا خون انہیں دوسری شادی کرنے کا کہے۔
پاکستان کی ٹاپ اداکارہ ماہرہ خان نے 2007 میں شادی کی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ شادی زیادہ عرصہ نہ چل پائی۔ انہوں نے گزشتہ برس اپنے قریبی دوست سلیم سے دوسری شادی کی۔
حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں ماہرہ خان نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی اور دوسری شادی کے حوالے سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں پہلی شادی ختم ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں ۔ پہلی شادی ختم ہونے کے باوجود ان کے سابق شوہر علی عسکری اور ان کی بیوی زارا سے اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ اگر وہ پہلی شادی نہ کرتیں تو انہیں دنیا کی سب سے بہترین اور قیمتی چیز بیٹا اذلان نہ ملتا۔
ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے سمیت باقی اہل خانہ کے ساتھ اچھی زندگی گزار رہی تھیں، اس لیے دوسری شادی کا رسک لینے سے بھی کتراتی تھیں ۔ ان کے ذہن میں یہی خیال آیا تھا کہ اگر دوسری شادی بھی نہ چل سکی تو ان کے بیٹے کا کیا ہوگا؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ چند سال قبل ہی دوسری شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن اس وقت ان کے بیٹے اذلان چھوٹے تھے، اس لیے انہیں ان کی رضامندی بھی درکار تھی۔ ان کی خواہش تھی کہ انہیں بیٹا خود دوسری شادی کے لیے کہے، اس لیے انہوں نے ان کے بڑے ہونے کا انتظار کیا اور دوسری شادی کے لیے بیٹے ہی انہیں حوصلہ دیا۔