افغانستان کے وزیر اعظم محمد حسن اخوند نے ہفتے کو اعلان کیا کہ سابق مغرب نواز حکومت کے سقوط کے بعد ملک چھوڑنے والے تمام افغان شہری وطن واپس آ سکتے ہیں اور واپسی پر انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر محمد حسن اخوند نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ تمام افغان جنہوں نے ملک چھوڑ دیا، انہیں واپس اپنے وطن لوٹ آنا چاہیے۔ انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا۔اپنے آباؤ اجداد کی سرزمین پر واپس آئیں اور امن کے ماحول میں زندگی گزاریں۔
انہوں نے کہا ہمیں اسلامی نظام کے چراغ کو بجھنے نہیں دینا چاہیے۔ میڈیا کو جھوٹی آرا سے گریز کرنا چاہیے اور نظام کی کامیابیوں کو کم تر نہیں دکھانا چاہیے۔ اگرچہ چیلنجز موجود ہیں، ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔
افغان وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت پر آیا جب چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سمیت 12 ممالک پر وسیع سفری پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
اگست 2021 کے وسط میں جب امریکا اور نیٹو افواج 20 سالہ جنگ کے بعد افغانستان سے انخلا کے آخری مراحل میں تھیں تو طالبان نے اچانک پیش قدمی کرتے ہوئے دارالحکومت کابل سمیت ملک کے بیشتر حصوں پر قبضہ کر لیا تھا۔