اہم ترین

شوبز انڈسٹری خواتین کے لیے سب سے محفوظ ترین جگہ ہے: سید نور

پاکستان کے معروف فلم ساز اور ڈائریکٹر سید نور نے شوبز انڈسٹری کو خواتین کے لیے سب سے محفوظ ترین جگہ اور کاسٹنگ کاؤچ کی باتیں بکواس قرار دے دیں ۔

اپنے ایک انٹرویو میں سید نور نے کہا کہ شوبز انڈسٹری خواتین کے لیے سب سے زیادہ محفوظ جگہ ہے۔ شوبز جیسی عزت خواتین کو کسی دوسری انڈسٹری میں نہیں دی جاتی، شوبز میں خواتین کو ’میڈم اور بھابھی‘ جیسے ناموں سے پکارا جاتا ہے، ان کی عزت کی جاتی ہے۔ شوبز میں کاسٹنگ کاؤچ جیسا کچھ نہیں ہوتا۔

سید نور نے کہا کہ انہیں اپنے شوبز کیریئر پر فخر ہے، ان کی پہچان بطور فلمی شخصیت ہوتی ہے۔ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ جس طرح کی وہ فلم بنانا چاہتے ہیں، ابھی تک انہوں نے وہ فلم نہیں بنائی۔تاہم وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی پہچان بطور فلمی شخصیت ہوتی ہے۔

مختلف اداکاراؤں سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریشم کو انہوں نے ہی فلموں میں متعارف کرایا لیکن وہ انہیں اپنا استاد تک نہیں مانتی، جس پر انہیں کوئی دکھ نہیں۔ اداکارہ ریما نے اپنی توجہ ڈانس پر دیتی تھی، انہوں نے اچھے کرداروں کے بجائے ڈانس کو اپنا مستقبل بنایا۔ میرا کو غلط استعمال کیا گیا، انہیں غلط کردار دیے گئے، جس میں وہ خود بھی شامل ہیں۔

پاکستان