بالی ووڈ میں فنکاروں اور فلمسازوں کے درمیان جھگڑے اور مقدمے بازی نئی بات نہیں لیکن ایک ڈائریکٹر نے اداکارہ رچی گجر کے خلاف بھرے تھیٹر میں چپلوں سے مارنے کی ایف آئی آر درج کرادی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ رُچی گُجَر نے ممبئی کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں فلم ساز کرن سنگھ چوہان کے خلاف 24 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی تھی لیکن اب اداکارہ کی مشکلات بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔
اسی شہر کے امبولی پولیس اسٹیشن میں اداکارہ رُچی گُرجَر سمیت 6 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ مقدمہ فلم ‘سو لانگ ویلی’ کے پروڈیوسر مان لال سنگھ کی شکایت پر درج کیا گیا ہے ۔
رچی گجر پر الزام ہے کہ وہ 25 جولائی کو اندھیری ویسٹ میں واقع سینپولس سینما میں پریمیئر شو کے دوران اپنے نجی سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ بغیر اجازت سینما گھر میں داخل ہو ئیں اور ہنگامہ کیا۔ اداکارہ نے گالی گلوچ کر کے فلم کی نمائش میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ رچی گجر نے پروڈیوسر مان لال سنگھ سے 24 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔ جب وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو اداکارہ نے چپل نکال کر مان سنگھ پر حملہ کر دیا۔ اتنا ہی نہیں، انہوں نے ایک پلاسٹک کی بوتل بھی پھینکی۔