اہم ترین

عوام کو بڑا ریلیف: بجلی 7.41 روپے فی یونٹ سستی کردی گئی

وزیر اعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق حکومتی پیکیج کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے پیکیج کے اعلان کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان کے سر پر دیوالیہ ہونے کی تلوار لٹک رہی تھی، کاروباری لوگ اور قوم خوفزدہ تھی، کہ حالات کس کروٹ بیٹھیں گے، آئی ایم ایف بات سننے کو تیار نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں، ایسا بھی وقت آیا کہ جب پنشنر بجلی کا بل ادا کردیتا تھا تو اسے معلوم نہیں تھا، کہ بچوں کی دوائیں کہاں سے لاؤں گا۔ دکاندار، سرمایہ کار، صنعتکار اپنے کاروبار کو بند کرنے پر مجبور ہورہے تھے، کہ اتنا مہنگا مال کیسے بیچیں گے، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہوگیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب تک بجلی کی قیمتوں میں کمی نہیں آئے گی صنعت، تجارت اور زراعت میں ترقی نہیں ہوسکتی، پاکستان میں معاشی استحکام آچکا ہے، اب اڑان بھرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ جب کہ صنعتوں کے لئے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی کی جارہی ہے۔

پاکستان