اہم ترین

عید پر گزشتہ سال کے مقابلے میں 150ارب روپے زائد کی خریداری ہوئی: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رواں برس عیدالفطر پر 870 ارب روپے کی خریداری ہوئی ہے، گزشتہ مالی سال عیدالفطر پر 720 ارب روپے کی خریداری ہوئی تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سیمنٹ کی پیداوار میں 14 فیصد کا اضافہ ہوا، کاروں کی فروخت میں 40 فیصد اور موٹرسائیکلوں کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس سال ترسیلات زر 36 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا اندازہ ہے۔ برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جون کے آخر تک ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ای سی سی نے مہنگائی پر خاص نظر رکھی ہوئی ہے، ای سی سی مہنگائی کی مانیٹرنگ کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں۔ افراط زر میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، مہنگائی میں کمی عوام تک منتقل ہونی چاہیے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ کُل 51 ضروری اشیا ہیں جن میں سے 26 کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔ دس اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

پاکستان