اہم ترین

کینال منصوبہ واپس لو ورنہ ۔۔۔۔ بلاول کا وفاقی حکومت کو الٹی میٹم

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام کینال کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، وفاقی حکومت فوری طور پر یہ متنازع منصوبہ واپس لے ورنہ پیپلزپارٹی اس کے ساتھ نہیں چلے سکے گی۔

حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ ن لیگ کی ہر پالیسی کسان دشمن ہے، پہلے انہوں نے گندم اسکینڈل کی وجہ سے ہمارے کسانوں اور ہاریوں کے معاشی قتل کا بندوبست کیا، اور پھر امدادی قیمت دینے کے بجائے چاروں صوبوں کو کسانوں کو امدادی قیمت دینے اور گندم خریدنے سے روک دیا، یہ سراسر ظلم ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نےکہا کہ ہم مخالفت اصولوں پر کر رہے ہیں، کیونکہ میرا وفاق خطرے میں ہے، ملک دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے، آپ نے ایسا موضوع چھیڑا ہے جس سے بھائی سے بھائی کو خطرہ ہے، اگر پیپلز پارٹی نہیں بولے گی تو کون بولے گا، جو کینال بنا رہے ہیں وہ اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔ اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، یہ نا سننے کو تیار ہیں اور نا ہی دیکھنے کیلئے تیار ہیںکینالز منصوبہ کسی صورت منظور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وجہ سے ان کی طاقت ہے، وزیر اعظم کو حیدرآباد کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، آپ کو ہمارے مطالبات ماننے پڑیں گے، وزیر اعظم آج بھی ماننے کے لیے تیار نہیں اور ہم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، اگر شہباز شریف اور عوام کے درمیان فیصلہ کرنا ہے تو مشکل فیصلہ نہیں،۔ ہم آپ کی وزارتوں کو لات مارتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ھرپارکر کو آباد کرنا ہے تو سو بسم اللہ مگر سندھو پر ہم سمجھوتا نہیں کریں گے، آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے چولستان اور تھرپارکر کو آباد کریں، حکومت متنازع منصوبہ واپس لے تو زراعت کی ترقی کیلیے بیٹھ کر منصوبہ بنانے کو تیار ہوں، اگر یہ لوگ ہم سے بات کرنے کیلیے تیار نہیں تو مشکل وقت دیکھنے کو تیار رہیں۔

پاکستان