اہم ترین

ٹیم کو مایوس کررہا تھا : گلین میکس ویل ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر

آسٹریلوی آل راونڈر گلین میکس ویل نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم وہ ٹی 20 فارمیٹ کے لئے دستیاب ہوں گے۔

گلین میکسویل نے فائنل ورڈ پوڈکاسٹ پر اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں کہا، میں نے (آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ) جارج بیلی سے بات کی اور ان سے پوچھا کہ آگے کے بارے میں ان کے کیا خیالات ہیں۔ ہم نے 2027 ورلڈ کپ کے بارے میں بات کی اور میں نے ان سے کہا مجھے نہیں لگتا کہ میں اس میں کامیاب ہو پاؤں گا، اب وقت آ گیا ہے کہ میری جگہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے منصوبہ بنایا جائے تاکہ وہ اس ٹیم کو آگے لے جائیں، امید ہے کہ انہیں اس کردار کو برقرار رکھنے کے لیے کافی مواقع ملیں گے۔

میکسویل نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ اگر مجھے لگتا کہ میں اپنی ٹیم کی کامیابی میں کام آرہا ہوں تو میں کبھی بھی ون ڈے سے الگ نہ ہوتا۔ میں خودغرض ہوکر کھیلنا نہیں چاہتا تھا۔

آسٹریلوی بیٹر نے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بارے میں کہا کہ مجھے لگا کہ میں ٹیم کو تھوڑا مایوس کر رہا ہوں کیونکہ جسم حالات کے مطابق ردعمل نہیں دے رہا تھا. میں نے جارج بیلی کے ساتھ بات چیت کی اور اس فیصلے پر پہنچا ہوں۔

سال 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میں ڈیبیو کرنے کے بعد گلین میکسویل نے آسٹریلیا کے لیے 149 ون ڈے میچ کھیلے، جن میں انہوں نے 33.81 کی اوسط اور 126.70 کی اسٹرائیک ریٹ سے 3990 رنز بنائے۔ میکسویل نے اپنی بہترین آف اسپن بولنگ سے 50 اوور کے فارمیٹ میں 77 وکٹیں بھی لیں اور 91 کیچ بھی پکڑے۔ میکسویل کا اسٹرائیک ریٹ 126 ہے جو ون ڈے کرکٹ میں دوسرا سب سے زیادہ ہے، وہ صرف ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل سے پیچھے ہیں۔

پاکستان