کرکٹ کو دلچسپ بنانے کے لیے آئی سی سی مسلسل قوانین میں تبدیلیاں کررہا ہے۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 4 روزہ ٹیسٹ میچوں کو منظوری مل گئی ہے لیکن اس کا نفاذ رواں ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے بعد، یعنی 29-2027 سیزن سے ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 29-2027 عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ سیزن میں 4 روزہ ٹیسٹ میچوں کو منظوری دینے کے لیے راضی ہے، لیکن بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا اس سے مستثنیٰ ہوں گی یعنی انھیں 5 روزہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ یہ تینوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف روایتی 5 روزہ ٹیسٹ میچ ہی کھیلیں گے۔
آئی سی سی کا موقف ہے کہ ٹیسٹ میچ ک دورانیے میں ایک دن کی کمی سے چھوٹے ممالک کو زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچز اور طویل سیریز کھیلنے میں مدد ملے گی۔
برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی چیف جئے شاہ نے 29-2027 ڈبلیو ٹی سی سیزن کے لیے 4 روزہ ٹیسٹ میچ کو اپنی حمایت ظاہر کی ہے۔تاہم اب تک اس کی منظوری نہیں مل سکی ۔
آئی سی سی نے پہلی مرتبہ 2017 میں دو فریقی مقابلوں کے لیے 4 روزہ ٹیسٹ میچ کو منظوری دی تھی۔ انگلینڈ نے 2019 اور 2023 میں آئرلینڈ کے خلاف 4 روزہ ٹیسٹ میچ کے بعد گزشتہ ماہ ٹرینٹ برج میں زمبابوے کے ساتھ 4 روزہ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کئی چھوٹے ملک وقت اور اخراجات کے سبب ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرنے سے پرہیز کرتے ہیں، لیکن 4 روزہ کرکٹ کی طرف قدم بڑھانے سے 3 ٹیسٹ میچوں کی پوری سیریز 3 ہفتہ سے بھی کم وقت میں کھیلی جا سکے گی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 4 روزہ ٹیسٹ میچوں میں وقت کی بربادی کو کم کرنے کے لیے ایک دن کے اندر کھیل کا وقت بڑھا کر روزانہ کم از کم 98 اوور فراہم کیا جائے گا۔ موجودہ 5 روزہ ٹیسٹ میں زیادہ سے زیادہ 90 اوور کی گیندبازی ایک دن میں ہوتی ہے۔