نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کا سوچے گا بھی نہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بھارتی پروپیگنڈا اکاؤنٹس سے گمراہ کن اور فیک نیوز پھیلائی جارہی ہیں، نیتن یاہو کا پاکستان سے متعلق 2011 کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا، ٹرمپ سے متعلق کلپ چل رہا تھا، بعد میں معلوم ہوا کہ جعلی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف کا جعلی کلپ سوشل میڈیا پر چلایا گیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جو اس طرح کی فیک نیوز ہے میں سمجھتا ہوں کہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس حوالے سے کوئی شکوک و شبہات نہ رکھیں۔ اللہ نے پاکستان کو نہ صرف نیوکلیئر قوت بنایا ہے بلکہ میزائل کے حوالے سے بھی طاقتور بنایا ہوا ہے اور کئی ممالک کو تکلیف بھی ہوتی ہے، لیکن یہ ہماری اپنی سکیورٹی کے لیے ہے، ہمارے اپنے استحکام کے لیے ہے، خطے میں استحکام کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد واضح مؤقف اپنایا ہے، اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کے دفاع، علاقائی استحکام اور پر امن مقاصد کے لیے ہے، پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے کا کوئی بیان نہیں دیا، ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل اور تنازعات کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔