امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے (پاک بھارت) جنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے باعثِ اعزاز سمجھتا ہوں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات سے چند گھنٹے پہلے ٹرمپ سے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی کی تھی۔
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور دونوں میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی مگر دو ذہین لوگوں نے جنگ روکنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی چند ہفتوں پہلے امریکا آئے تھے۔ امریکا کی پاکستان اور انڈیا دونوں کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے۔
فیلڈمارشل عاصم منیر سےملاقات میں ایران کے حوالے ہونے والی گفتگو پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ (فیلڈ مارشل عاصم منیر ) ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔۔ شاید دوسروں سے بہتر۔ اور وہ اس صورتحال سے خوش نہیں۔ یہ نہیں کہ ان کے اسرائیل سے تعلقات خراب ہیں، وہ دونوں کو جانتے ہیں، درحقیقت شاید ایران کو زیادہ بہتر جانتے ہیں۔
امریکی صدرنےکہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر دیکھ رہے ہیں کہ ایران اسرائیل جنگ میں کیا ہو رہا ہے اور انھوں نے مجھ سے اتفاق کیا۔