وفاقیکاینہ نےآئندہ برس حج کے لئے پالیسی کی منظوری دے دی جس کے تحت حکومت نے حج 2026 کے کوٹے کو 195,000 سے بڑھا کر 255,000 کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج درخواستوں کی وصولی 4 اگست سے شروع ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 4 لاکھ 55 ہزارسے زائد حج درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جو پاکستان کے لئے مختص کوٹے سے کئی گنا زیادہ ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج درخواستوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے حج 2026 کے کوٹے کو ایک لاکھ 95 ہزار سے بڑھا کر2لاکھ 55 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان نے سعودی حکومت کو باضابطہ درخواست بھی دے دی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہناتھاکہ ‘روڈ ٹو مکہ’ پروگرام کے تحت امیگریشن سہولت کراچی، لاہور سمیت مزید شہروں میں شروع کیا جائے گا۔ نجی آپریٹرز کے لیے حج 2026 میں 2 ہزار عازمین کے کوٹے کی شرائط برقرار رہیں گی۔
حج میں نوجوان اور پہلی بار حج کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ 12 سال سے کم عمر بچوں کے حج ویزا اجازت نہیں ہوگی۔ گرمی سے بچاؤ کے لیے مِنیٰ کے خیموں میں پہلی بار اے سی اور ایئر کولر فراہم کیے جائیں گے۔ ہر 188 عازمین کے لیے ایک ناظم، 1050 معاونین کو دستیاب کرانا طے شدہ ہے۔
دوسری جانب میڈیا نے کہا ہے کہ آئندہ سال سرکاری حج اخراجات ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ کے درمیان ہوں گے۔