پاکستان نے زمین سے زمین تک 120 کلو میٹر تک مار کرنے والے فتح سیریز کے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈس مشق کے دوران کیے جانے والے لانچ کا مقصد فوجیوں کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت اہم تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کرنا تھا۔
فتح سیریز کا یہ میزائل ٹیکٹیکل نیوکلیئر ہتھیار ہے جس کی مدد سے کسی بھی حملے کے جواب میں سویلین آبادی کو نقصان پہنچائے بغیر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے کامیاب میزائل تجربے پر انجینئرز اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فتح کے تربیتی لانچ کی کامیابی سے واضح ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
پاکستان نے دو روز قبل زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل ابدالی ویپن سسٹم کا بھی تربیتی تجربہ کیا تھا جو 450 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔