اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی درخواستوں پر آج سماعت نہ ہونے پر پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا کے خلاف درخواستوں پر سماعت کسی کارروائی کے بغیر ملتوی ہوگئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کے ڈویژن بینچ کو آج عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرنا تھی۔ تاہم ڈویژن بینچ کے ایک رکن جسٹس محمد آصف کے آج چھٹی پر ہونے کے باعث بینچ کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔
سماعت نہ ہونے پر پی ٹی آئی وکلا کی ٹیم، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور، علمیہ خان ، بیرسٹر سلمان صفدر، نیاز اللہ نیازی قائم مقام چیف جسٹس کے سیکرٹری کے آفس میں پہنچ گئے۔
دوسری جانب سماعت نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کرنا شروع کر دیا۔
ہائی کورٹ کے باہر کارکنان کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ احتجاج میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان، عظمی خان ،چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ، سمابیہ طاہر اور دیگر پی ٹی آئی رہنما شامل تھے۔