اہم ترین

سب جانتے ہیں بھارت دہشتگردوں کی فنڈنگ کرکے کارروائیاں کراتا ہے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ بھارت دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دے کر دہشتگردی کرانے میں ملوث ہے۔

لندن میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ بھارتی بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور پاکستان کا مؤقف سچ پر مبنی امن کا پیغام ہے۔ جنگ کسی مسئلے کاحل نہیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کاحل ڈائیلاگ سے چاہتا ہے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت بھی جانتا ہے کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی وزیر خارجہ صرف جنگ کی باتیں کرتے ہیں۔ بھارت دہشت گردوں کی فنڈنگ کر کے پاکستان میں کارروائیاں کرواتا ہے، پاکستان پر بھارت نے الزام لگائے تو دنیا بھارت کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی۔ سب جانتے ہیں کہ بھارت دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دے کر دہشتگردی کرانے میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی وفد دنیا میں ہمارا مؤقف پہنچائے۔ پاکستان کا وفد امن کاپیغام لے کر دنیا میں نکلا ہے ۔ ہم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ہم برسلز بھی جائیں گے اور امن کاپیغام یورپی یونین تک پہنچائیں گے۔

بھارتی رویے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیزفائر کامرحلہ گزرگیا بھارت کا طریقہ کار سب کے سامنے ہے۔ پاکستان امن اوربھارت جنگ کی بات کررہا ہے۔ بھارت کا جھوٹا بیانیہ دنیاکےسامنے بے نقاب ہوگیا۔ پاکستان کو دھمکی دینا بھی اقوام متحدہ کے چارٹرکی خلاف ورزی ہے۔ امریکا کو بھارت کو کان سے پکڑ کر بھی بات چیت تک لانا پڑے تو یہ دنیا کے مفاد میں ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔ سندھ طاس معاہدہ آج بھی اپنی جگہ پر موجود ہے۔ بھارت نے پانی بند کیاتو اعلان جنگ ہوگا۔

پاکستان