اہم ترین

ایران، اسرائیل لڑائی کا چوتھا دن: صیہونی ریاست کو بڑا جانی نقصان

ایران پر اسرائیلی جاڑھیت کے بعد گزشتہ چار روز سے دونوں اطراف نے ایک دوسرے پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان حملے چوتھے دن میں داخل ہوگئےہیں، ایران نے پیر کی صبح اسرائیل پر دوبارہ میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں تل ابیب میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ایران نے اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ کو بھی نشانہ بنایا۔

ایران کی جانب سے یہ حملے اسرائیلی فوج کے ایرانی دارالحکومت تہران پر بمباری کے چند گھنٹوں بعد کیے گئے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر شہری علاقوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا الزام لگایا تاکہ صیہونی فوج کو حملہ روکنے پر مجبور کیا جائے۔

گزشتہ 4 روز کے دوران اسرائیل کے ایران پر حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 224 ہو گئی ہے، جن میں 70 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ اسرائیل نے اب تک 19 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل نے عندیہ دیا ہے کہ یہ لڑائی طویل عرصے تک جاری رہے گی جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اسے اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور حملوں کے دوران مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ’’اب تک‘‘ اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازعے میں شامل نہیں لیکن یہ ممکن ہے کہ وہ اس میں ملوث ہو جائے۔

چین نے ایران اور اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ’فوری طور پر‘ اقدامات کریں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں، خطے کو مزید انتشار کی طرف جانے سے روکیں اور بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے صحیح راستے پر واپس آنے کے لیے حالات پیدا کریں۔

پاکستان