اہم ترین

اقوام متحدہ چارٹر ایران کو دفاع کا حق دیتا ہے: سلامتی کونسل میں پاکستانی مؤقف

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر حملوں سے متعلق طلب کیے گئے اجلاس سے خطاب میں عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران پر اسرائیل کے غیرقانونی حملے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور ناجائز جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور پاکستان ایران کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ’ہم ان گھناؤنے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اپنی ہمدردی اور تعزیت پیش کرتے ہیں۔‘

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے تل ابیب کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے ایک خطرناک نمونے کی پیروی کرتے ہیں، جن کی نشاندہی غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں اور شام، لبنان اور یمن میں بار بار سرحد پار سے کیے جانے والے حملوں سے ہوتی ہے، جو بین الاقوامی اصولوں کی مسلسل اور جان بوجھ کر نظر اندازی کیے جانے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

پاکستان