گذشتہ ماہ بھارت سے جنگ بندی کو ممکن بنانے کی وجہ سے پاکستان نے 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور اہم قیادت کے اعتراف میں 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کے نام کی باضابطہ طور پر سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکس پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی، جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دفاع کے بنیادی حق کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا جو کہ ایک نپا تلا، پرعزم اور قطعی فوجی ردعمل تھا، اسے انتہائی احتیاط سے ڈیٹرنس کو دوبارہ قائم کرنے اور اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے انجام دیا گیا تھا۔ ان آپریشن کے دوران شعوری طور پر شہری نقصان سے گریز کی ہر ممکن کوشش کی گئی تھی۔
حکومت پاکستان کےمطابق دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے تناؤ میں امریکی صدر ٹرمپ نے زبردست اسٹریٹجک دور اندیشی اور شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ جس سے خطے میں تیزی سے بگڑتے حالات کو معمول پر لانے میں مدد ملی اور جنگ بندی کو یقینی بنایا۔