اہم ترین

مقابلہ بہت ہے ہفتے میں 60 گھنٹے کام کریں:گوگل کے شریک بانی کا ملازمین کو مشورہ

گوگل کے شریک بانی سرگئی برن نے ٹیک کمپنی کے ملازمین کو ہفتے میں 60 گھنٹے کام کرنے کا مشورہ دے دیا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق گوگل کے شریک بانی سرگئی برن نے کمپنی کےملازمین کے نام ایک میمو ارسال کیا ہے جس میں انہیں کمپنی کو نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اضافی کوششوں کی تلقین کی گئی ہے۔

سرگئی برن نے ملازمین سے کہا ہے کہ ہفتے میں 60 گھنٹے کام کرنا پیداواری صلاحیت کے لیے بہترین ہے۔ اے آئی اور اے جی آئی (آرٹیفیشل جنرل انٹیلی جنس) کے حوالے سے مقابلہ بہت بڑھ گیا ہے اور اب یہ دوڑ آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ اگر وہ محنت کریں تو گوگل اس دوڑ میں آگے بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر انجینئرز کو گوگل کے اے آئی ماڈلز کو کوڈنگ میں استعمال کرنے کی ترغیب دی ہے۔ سرگئی کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے وہ دنیا کے سب سے زیادہ ہنر مند کوڈر اور اے آئی سائنسدان بن سکتے ہیں۔

سرگئی برن کا کہنا ہے کہ گوگل کے پاس اے آئی میں آگے بڑھنے کے لیے تمام ضروری وسائل موجود ہیں، لیکن ملازمین کو مزید محنت کرنا ہوگی۔

انہوں نے ملازمین کو کام کے دنوں میں دفتر آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں کم از کم ہر کام کے دن دفتر میں رہنے کی سفارش کروں گا۔

یہ دیکھنا باقی ہے کہ اس ہدایت کا گوگل ملازمین پر کیا اثر پڑے گا۔ تاہم، بہت سی کمپنیوں میں، کام کے اوقات میں توسیع کو ملازمتوں اور اخراجات کو کم کرنے کے طریقے کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔

پاکستان