اہم ترین

خلا میں انسانی فضلے کی ری سائیکلنگ کا طریقہ بتاؤ اور 30 لاکھ ڈالر انعام پاؤ

خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے لوگوں سے ایک انوکھا کام کرنے کو کہا ہے اور اس کے لیے وہ 30 لاکھ ڈالر کا انعام بھی دے گا۔ یعنی جو بھی اس کام کو مکمل کرے گا، خلائی ایجنسی اسے تقریباً 80 کروڑ روپے کا انعام دے گی

اس وقت چاند پر انسانی فضلے کے 96 تھیلے پڑے ہیں۔ یہ تھیلے اپولو مشن نے وہاں چھوڑے تھے۔

ناسا کو اپنے خلائی مشنز کے دوران انسانی فضلہ کو ری سائیکل کرنے کا طریقہ تلاش کرنا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خلائی مشنوں کے دوران خلابازوں کے ذریعے خارج ہونے والے پاخانے، پیشاب اور یہاں تک کہ الٹی کو ری سائیکل کرنے کا راستہ تلاش کرناہے۔

ناسا نے اس انعام کا اعلان لونر ری سائیکل چیلنج کے تحت کیا ہے۔ جو بھی اس عجیب خلائی چیلنج کو حل کرے گا اسے 30 لاکھ امریکی ڈالرز کا انعام ملے گا۔

ناسا کے اس چیلنج کا مقصد خلابازوں کے فضلے کو سنبھالنا ہے جو خلا میں گندگی پیدا کر رہی ہے۔ جس کا بھی حل بہترین ہو گا اسے ایجنسی مستقبل کے خلائی مشنوں میں اپنائے گی۔

ناسا کا کہنا ہے کہ وہ پائیدار خلائی مشنوں کے لیے پرعزم ہے۔ ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ جب وہ مستقبل کے انسانی خلائی مشنوں کی تیاری کر رہے ہیں تو اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہوگی کہ ٹھوس فضلہ سمیت مختلف فضلہ مواد کو کیسے کم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خلائی ماحول میں فضلے کو کیسے ذخیرہ، پروسیس اور ری سائیکل کیا جا سکتا ہے تاکہ زمین پر بہت کم یا کوئی فضلہ واپس نہ آئے۔

ناسا اس چیلنج کے لیے بھیجی گئی تجاویز کے پہلے دور کا جائزہ لینے کی تیاری کر رہا ہے۔ جس کی تجویز بہترین ہو گی اسے مقابلے میں آگے بھیجا جائے گا۔ جو بھی ٹیم جیتے گی اسے 30 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

پاکستان