اداکارہ صنم سعید نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے تقریبا ایک ماہ بعد بیٹے کی ولادت کی تصدیق کردی۔
صنم سعید اور محب مرزا نے مارچ 2023 میں شادی کی تصدیق کی تھی۔ شادی کی تصدیق کے ڈھائی سال بعد پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
صنم سعید نے 20 جون کو انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اداکارہ نے پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے بیٹے کا نام ولی حسن مرزا رکھا ہے، ساتھ ہی انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تاریخ 18 مئی بتائی۔
اداکارہ نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کے ایک ماہ بعد بچے کی ولادت کا اعلان کرتے ہوئے اس کی صحت کے لئے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔
صنم سعید اور محب مرزا دونوں کی یہ دوسری شادی ہے۔ محب مرزا کی پہلی شادی ماڈل آمنہ شیخ سے 2005 میں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی، ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
صنم سعید نے بھی 2015 میں خاندان کی مرضی سے محبت کی شادی کی تھی، جس کے بعد وہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں مگر جلد ہی ان کی طلاق ہوگئی اور اداکارہ نے 2018 میں اس کی تصدیق کی تھی۔