اہم ترین

ن لیگ کی انتخابی مہم شروع ؛ اب فیصلے لاء کرے گا مدر ان لاء نہیں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ اب فیصلے عوام کی عدالت یا لاء کرے گا، مدر ان لاء کے فیصلے کی سہولت نہیں۔

اوکاڑہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، نواز شریف نے مجھے کہا کہ اوکاڑہ سے مہم شروع کرو، 8 فروری کو اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے یہ لوگ فرعون بنے ہوئے تھے، آج ان کی اپنی باریاں آئیں تو یہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔چور چور کہنے والے نے گھڑیاں چوری کیں، لوگوں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا، ان کی اپنی باری آئی تو بزدلی دکھائی۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں،یہ نواز شریف نے انتقام نہیں لیا، قدرت نے سو موٹو نوٹس لیا ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے۔

عمران خان کو نام لئے بغیر مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ دہشت گرد جماعت کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا، تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہیے جو چوری کی ہے، الیکشن کمیشن کو کہہ دیتے ہیں تمہیں ڈنڈے یا پیٹرول بم کا نشان دے دے۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ کے سہولت کار پکڑے گئے،اب فیصلے عوام کی عدالت کرے گی یا لاء کرے گا، مدر ان لاء کے فیصلے کی سہولت نہیں، نہ ان کی سہولت کاری رہی نہ وہ سہولت کار رہے، اللّٰہ نے ان سہولت کاروں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا۔

پاکستان