اہم ترین

آئی ایم ایف کی شرائط کے ساتھ بھی غریبوں کا خیال رکھا جا سکتا ہے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ نیت ٹھیک ہو تو آئی ایم ایف کی شرائط کے ساتھ بھی غریبوں کا خیال رکھا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں زیبسٹ یونیورسٹی میں طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست کیلئے غلط معاشی فیصلے کا بوجھ پاکستان کے عوام اٹھا رہے ہیں، نیت ٹھیک ہو تو آئی ایم ایف کی شرائط کے ساتھ بھی غریبوں کا خیال رکھا جا سکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگر اقتدار میں آئے تو اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے، پسماندہ طبقات کو ریلیف دینے کے لیے رقم فراہم کریں گے، حکومت ملی تو وفاق کی 17 وزارتیں بھی ختم کردیں گے۔

ملک کو درپیش معاشی مسائل پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوامی معاشی معاہدے کو میں نے ماہرین کے ساتھ مل کر خود تیار کیا ہے، ہمیں لگتا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان واقعی خطرے میں ہے، اس مسئلے کے بارے میں پاکستانیوں کو سمجھانا ضروری ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم جن مشکل معاشی حالات سے گزر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، ہمیں ترقیاتی کاموں پر رقم خرچ کرنی پڑے گی، ہمارا یہ ارادہ ہے کہ ہم پاکستان کے ترقیاتی ڈھانچے کی تعمیر نو کریں اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا تمام ترقیاتی کام اس لحاظ سے کریں

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت میں آئے تو اظہار آزادی پر قدغن نہیں لگائی جائے گی، ہم کسی صحافی پر پابندی نہیں لگائیں گے۔

پاکستان