اہم ترین

اب کوئی آپ کے واٹس ایپ ڈی پی کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکے گا

واٹس ایپ اپنی ایپ میں ہر روز نت نئے فیچرز متعارف کرواتا رہتا ہے، تاکہ وہ اپنے صارفین کو ہمیشہ اس مقبول ایپ کی طرف متوجہ رکھے۔ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے اس قدر مقبول ہونے کی ایک اہم وجہ صارفین کے لیے دستیاب بہت سے پرائیویسی فیچرز ہیں۔

واٹس ایپ اپنے صارفین کی رازداری کا بہت خیال رکھتا ہے اور اسے مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے نت نئے فیچرز متعارف کرواتا رہتا ہے۔ صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بنانے کے لیے واٹس ایپ نے ایپ میں ایک اور نیا فیچر شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے ذریعے صارفین کی پروفائل پکچرز کے اسکرین شاٹس کو بلاک کر دیا جائے گا۔

کوئی بھی صارف آپ کے واٹس ایپ ڈی پی کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکے گا۔ واٹس ایپ نے اس فیچر کا بیٹا ورژن گزشتہ ماہ ہی جاری کیا تھا لیکن اب کمپنی نے آہستہ آہستہ اس نئے فیچر کو عام صارفین کے لیے بھی متعارف کروانا شروع کر دیا ہے۔

ویبییٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ فروری کے مہینے سے اس فیچر کی آزمائش کر رہا تھا تاہم اب کمپنی نے اسے تمام صارفین کے فونز میں اپ ڈیٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ یہ سرور سائٹ اپ ڈیٹ ہے، اور اسے آہستہ آہستہ دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کی اس نئی اپ ڈیٹ کی وجہ سے کوئی بھی صارفین کی پروفائل پکچرز کے اسکرین شاٹس نہیں لے سکے گا۔ اب اگر صارفین کسی دوست کی پروفائل تصویر کا اسکرین شاٹ لیں گے تو ان کے فون میں بلیک اسکرین کا اسکرین شاٹ محفوظ ہوجائے گا۔

اس فیچر کی جانچ کے دوران جب ایک صارف نے پروفائل پکچر کا اسکرین شاٹ لینے کی کوشش کی تو اسے ایک وارننگ نظر آئی، جس میں لکھا تھا کہ ایپ کی پابندیوں کی وجہ سے آپ اسکرین شاٹ نہیں لے سکتے۔ یہ فیچر بطور ڈیفالٹ ایکٹیویٹ ہو جائے گا اور اسے آف کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ تاہم، اس فیچر کے مستحکم ورژن میں کوئی وارننگ ظاہر نہیں ہوتی، بلکہ اسکرین شاٹ لینے پر فون میں ایک سیاہ تصویر محفوظ ہوجاتی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے قبل واٹس ایپ صارفین کی پروفائل پکچرز کو اپنے رابطوں میں محفوظ کرنے کی اجازت دیتا تھا جو کہ پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی تھی۔

پاکستان