سوچئے، اگر آپ کو اپنے کچن کی ترکیب، گاؤں کی مٹی کی خوشبو، یا ہلکی پھلکی مستی اور مذاق سے پوری دنیا میں شناخت دریافت ہو جائے تو؟ یوٹیوب نے بہت سے ایسے باصلاحیت لوگوں کو پلیٹ فارم دیا ہے، جنہوں نے نہ کوئی فلمی پس منظر رکھا، نہ کوئی بڑی ڈگری۔ بس ان کے پاس ہوتا تھا ایک فون، ایک خیال اور ڈھیر سارا جنون!
پاکستان کے یوٹیوب جہان میں کچھ ایسے ستارے ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں سے نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں شناخت بنائی ہے۔ آئیے جانتے ہیں پاکستان کے سب سے امیر یوٹیوبرز کے بارے میں۔
کچن ود آمنہ
آمنہ ریاض، جنہیں ‘کچن ود آمنہ’ کے نام سے جانا جاتا ہے، پاکستانی یوٹیوب کی سب سے بااثر خاتون شیف ہیں۔ انہوں نے 2016 میں اپنا چینل شروع کیا اور اب ان کے 4.4 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔ آمنہ ریاض پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں یوٹیوب کا گولڈن پلے بٹن حاصل ہوا ہے۔
کچن ود آمنہ کے نام سے یوٹیوب چینل چلانے والی آمنہ ایک مہینے میں اوسطاً 2 ہزار 400 سے سے 7 ہزار 200 امریکی ڈالرز کماتی ہیں جو کہ پاکستانی کرنسی میں 6 لاکھ سے 18 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار چینل کی مقبولیت، ویڈیو ویوز، اور اشتہارات پر منحصر ہیں۔
ان کے چینل کے 44 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور ان کی ویڈیوز کو مجموعی طور پر 676 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
نادر علی
نادر علی یوٹیوب پر پی فور پکاؤ کے نام سے چینل چلاتے ہیں۔ وہ پاکستان کے سب سے بڑے کامیڈین یوٹیوبرز میں سے ایک ہیں۔ ان کی پرینک ویڈیوز نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور دبئی میں بھی بے حد مقبول ہیں
ویڈ آئی کیو نامی ویب سائیٹ کے مطابق اس یوٹیوبر کے چینل کے 10 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر ہیں اور ان کی ماہانہ کمائی 23 ہزار امریکی ڈالرز سے 71 ہزار امریکی ڈالرز کے درمیان ہے
مبشر صدیقی
مبشر صدیقی اپنے چینل ویلیج فوڈ سیکریٹس کے ذریعے دیہاتی پکوان اور گاؤں کی سادگی بھری زندگی کو دنیا کے سامنے لاتے ہیں۔
ان کی ویڈیوز میں مٹی کے چولہے، تازہ سبزیاں اور روایتی پکوان کی مہارت دیکھنے کو ملتی ہے، جو لوگوں کو بہت پسند آتی ہے۔
ویڈ ٓئی کیو کے مطابق مبشر ہر مہینے یوٹیوب سے تقریباً 2 لاکھ روپے سے زیادہ کمالیتے ہیں اور یہ کمائی مسلسل بڑھ رہی ہے، کیونکہ لوگ ان کے سادہ لیکن دل کو چھو لینے والے مواد سے جڑتے جا رہے ہیں۔
اسد علی
پاکستانی ٹاپ یوٹیوبرز میں شامل اسد ‘اسد علی ٹی وی’ کے نام چینل چلاتے ہیں۔ اس چینل پر وہ پاکستان میں ٹیکنالوجی ریویو اور لائف اسٹائل کی ویڈیوز بناتے ہیں۔
اسد علی نے اپنے ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایک ویڈیو سے 50 لاکھ تک کماتے ہیں۔ جبکہ ویڈ آئی کیو کے مطابق ان کے چینل پر 2.49 ملین سبسکرائبرز ہیں اور وہ ایک مہینے میں 8 سے 10 لاکھ روپے تک کماتے ہیں۔