اہم ترین

دہشتگردوں کی 10 نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں: آرمی چہف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کہناہے کہدہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔

اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کے دوران جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم پر پڑتی ہے۔ جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور بیرون ملک پاکستانی اس کی عمدہ ترین مثال ہیں ۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جب تک اس ملک کے غیور عوام افوج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ کی فوج ہر مشکل سے با آسانی نبرد آزما ہو سکتی ہے۔ ہم آج مل کر یہ واضح پیغام دے رہے ہیں جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہو گا ہم مل کر اُس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے۔

سربراہ پاک فوج نےکہا کہ اوور سیز پاکستانی جس ملک میں بھی ہوں، یاد رکھیں کہ آپکی میراث ایک اعلیٰ معاشرے ، نظریئے اور تہذیب سے ہے۔ نامساعد حالات کے آگے بطور مسلمان اور پاکستانی نہیں گھبراتے، ہم کبھی بھی مشکلات اور دشواریوں کے سامنے نہ جھکے ہیں، نہ جھکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک کے غیور عوام افوج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ہم پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائدِ اعظم نے دیکھا تھا۔

پاکستان