آسٹریا کے شہر گراس کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
جرمن ویب سائیٹ ڈی ڈبلیوکے مطابق آسٹریا کے دوسرے سب سے بڑے شہر گراس کے ‘بورگ ڈرائے شوٹسن گاسے‘ ہائی اسکول میں حملہ آور نے دو کلاس رومز میں فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور نے اسکول کے واش روم میں خودکشی کر لی۔
حملہ آور کی شناخت 22 سالہ سابق طالب علم کے طور پر کی گئی ہے، ممکنہ طور پر اس کی وجہ تعلیمی اداروں میں ہونے والی غنڈہ گردی ہوسکتی ہےتاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
مقامی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ حملہ آور نے اکیلے ہی کارروائی کی۔
آسٹریا کے چانسلر کرسٹیان اسٹوکر نے اس واقعے کو ”قومی المیہ‘‘ قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا، ”ہم سب، پورا آسٹریا اس وقت درد اور غم میں مبتلا ہیں۔‘‘ انہوں نے اپنے تمام شیڈول منسوخ کر دیے، جبکہ وزیر داخلہ گیرہارڈ کارنر اس واقعے کے فوری بعد گراس روانہ ہو گئے۔