امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے کہا ہےکہ ایران سے حالیہ جنگ میں اسرائیل کو ہر روز 40 کروڑ ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔
اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے ایٹمی تنصیبات اور عسکری مقامات اور رہائشی علاقوں میں حملہ کرکے جنگ کا آغاز کیاتھا۔ جس کے جوابمیں ایران نے بھی وعدہ صادق سوم کے نام سے بھرپور کارروائیاں شروع کیں۔
گزشتہ 8 روز میں جہاں ایران کو بڑا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے وہیں اسرائیل کی معیشت کو بھی شدید دھچکے لگ رہے ہیں۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنے آرٹیکل میں ماہرین کی رائے کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی حالیہ جنگی مہم اسے روزانہ کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچا رہی ہے، یہ اخراجات اسرائیل کی مستقبل میں جنگی کوششوں کو جاری رکھنے کی صلاحیت کو محدود کر سکتے ہیں۔
آرٹیکل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران پر حملے اور اس کی جوابی کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لئے انٹرسیپٹرز کا یومیہ خرچ 20 کروڑ امریکی ڈالر تک ہو سکتا ہے، جب کہ طیاروں کی تباہی، گولہ بارود اور عمارتوں کو پہنچنے والا یومیہ نقصان بھی اوسطاً 20 کروڑ ڈالر ہے۔