جنوبی بھارتی فلم انڈستری کے سپر اسٹار پربھاس کی فلم ‘سالار’ ہر روز بھاری منافع کما رہی ہے۔ فلم نے کمائی کے معاملے میں رجنی کانت کی فلم ‘جیلر’ اور اپنی ہی فلم باہو بلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سالار نے اب تک دنیا بھر میں 650 کروڑ بھارتی روپے کے مساوی کمائی کرلی ہے۔ اس طرح ‘سالار’ نے دنیا بھر میں کمائی کے معاملے میں ‘باہوبلی’ اور ‘جیلر’ کی کمائی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
650 کروڑ بھارتی روپے کے کلیکشن کے ساتھ ‘سالار’ نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ساؤتھ فلموں کی فہرست میں پانچواں مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس فہرست میں ‘2.0’، ‘KGF چیپٹر 2’، ‘RRR’ اور ‘باہوبلی 2’ پہلے سے چوتھے نمبر پر ہیں۔
‘سالار’ 22 دسمبر 2023 کو ہندی کے ساتھ تیلگو، تامل، ملیالم اور کنڑ زبانوں میں بھی ریلیز ہوئی تھی۔ پہلے ہی دن اس فلم نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا ریکارڈ قائم کرلیا تھا۔
پربھاس کے علاوہ پرتھوی راج سوکمارن، شروتی ہاسن، ٹینو آنند جیسے ستاروں نے مشہور ہدایت کار پرشانت نیل کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘سالار’ میں کام کیا ہے۔ ‘سالار’ جس رفتار سے کمائی کر رہی ہے، اس سے لگتا ہے کہ یہ سال 2023 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ساؤتھ فلم بن سکتی ہے۔