اہم ترین

سیاسی منشور پر مخالفین ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی منشور پر مخالفین ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں

قمبر شہدادکوٹ کی تحصیل میروخان میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا تھا الیکشنز ہوں گے، الیکشنز سے بھاگنے والوں کو نقصان ہوا، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کافی عرصے سے جاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی مقابلہ نہیں کرتی، وہ سیاسی مخالفین کو پچ سے ہی آؤٹ کرنا چاہتی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے دباؤ پر پارٹی امیدواروں کو تیر کا نشان نہیں دیا جارہا، ن لیگ اکیلے کھیلنا چاہتی ہے، تیر اور شیر کا مقابلہ ہے، عوام تیر کا ساتھ دیں گے۔ پیپلز پارٹی ن لیگ کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور اسے ناکام بنائے گی۔

چہئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست جمہوری نہیں رہی، ن لیگ کی وہی پرانی سیاست ہے جس کا سب کو علم ہے، اب مقابلہ تیر اور شیر کا ہے ،عوام ہمارا ساتھ دیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، 10 نکاتی معاشی معاہدہ منشور کے ساتھ پیش کر رہے ہیں، سیاسی منشور پر مخالفین ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔ ہم نے عالمی برادری اور وفاق سے اپیل کرکے مالی وسائل کا بندوبست کیا تھا، الیکشن کمیشن اور سب نے یقین دہانی کروائی تھی اس کام میں رکاوٹ نہیں ہوگی، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے گھر بنانے کا منصوبہ سست روی کا شکار ہے، خواتین کو گھر کے مالکانہ حقوق کا کام تقریباً بند ہو چکا ہے۔

پاکستان