اہم ترین

عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح باطل قرار؛ 7 سال قید کی سزا

عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح باطل قرار دیتے ہوئے دونوں کو 7 ،7 سال قید کی سزا سنادی۔

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے گزشتہ برس 25 نومبر کو عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

خاور مانیکا کا موقف تھا کہ عمران خان ’پیری مریدی‘ کی غرض سے ان کے گھر داخل ہوئے اور ان کا گھر برباد کردیا۔۔ انھوں نے 14 نومبر 2017 کو اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو طلاق دی ’یکم جنوری 2018 کو بشریٰ بی بی نے دورانِ عدت عمران خان سے شادی کی جو قانونی اور اسلامی نہیں۔

سینئر سول جج اسلام آباد قدرت اللّٰہ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے خاور مانیکا کی درخواست درست قرار دیتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سات، سات برس کی قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ کیا ہے۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید چار ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

سینیئر سِول جج قدرت اللہ کی جانب سے دیے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شواہد یہ ثابت کرتے ہیں کہ ملزمان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی یکم جنوری 2018 کو ہونے والے نکاح سے پہلے روحانی تعلق کا جھانسہ دے کر ایک دوسرے سے رابطے قائم کر چکے تھے۔ ونوں نے رابطہ ہونے کا اعتراف کیا لیکن ان کی طرف سے کسی بھی ناجائز تعلق کی تردید کی گئی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے ہکہ عدت سے متعلق معاملے پر خاتون کے مؤقف کو ترجیح دی جاتی ہے لیکن ملزمان کا نکاح فروری 2018 میں ہوا تھا اور پہلے نکاح کی عدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس پر دوسرا نکاح نہیں ہوسکتا۔

پاکستان