اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی بربریت: امداد کے منتظر لوگوں پر فائرنگ سے درجنوں شہید

غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے۔ غزہ میں امداد کے منتظر لوگوں پر فائرنگ سے کم از کم 29 افراد شہید جب کہ 150 زخمی ہوگئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق غزہ کے کویتی چوک پر اسرائیلی فوجیوں نے اس وقت فائرنگ کردی جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ امدادی سامان کے منتظر تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 29 فلسطینی شہید جب کہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غزہ کی وزارت صحت نے اس حملے کو “ایک نیا اور پہلے سے سوچا ہوا قتل عام” قرار دیا ہے۔

دوسری جانب عربی میڈیا کے لیے اسرائیلی فوج کے ترجمان اویکے عدری نے فائرنگ کے واقعے کی تردید کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ غزہ کے درجنوں شہریوں کو انسانی امداد کی تقسیم کے مقام پر نشانہ بنانے کی خبریں غلط ہیں۔

اویکے عدری نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہے۔ میڈیا سے صرف “قابل اعتماد معلومات” کی اطلاع دے۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 341 فلسطینی شہیداور 73 ہزار 134 زخمی ہو چکے ہیں۔

موجودہ حالات میں امریکی سینیٹر چک شومر نے “انتہا پسند” حکومت اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو “امن کی راہ میں رکاوٹ” قرار دیتے ہوئے اسرائیل میں نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان