آج کل مصنوعی ذہانت یعنی AI کی پوری دنیا میں شہرت ہے لیکن امریکی ایوان نمائندگان کانگریس میں AI ٹولز پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ امریکی کانگریس نے پہلے اپنے اراکین کو چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے سے منع کیا تھا اور اب مائیکروسافٹ کے اے آئی ٹول کوپائلٹ (Copilot) استعمال کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
امریکی ویب سائیٹ کے مطابق امریکی کانگریس کے ارکان اور ان کا عملہ سرکاری کمپیوٹرز ، ٹیبلیٹس اور موبائل فونز پر مائیکرو سافٹ کے اے آئی ٹول کوپائلٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔
کانگریس کی چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کیتھرین ایل زنیپڈر نے تمام ملازمین اور منتخب ارکان کو یہ ہدایات غیر مجاز کلاؤڈ سروسز میں ڈیٹا لیک ہونے کے ممکنہ خطرے کے بعد دی ہے۔
کیتھرین ایل زنیپڈر نے ہدایت کی ہے کہ قانون ساز اور عملہ بہتر رازداری کی خصوصیات کی وجہ سے اب صرف چیٹ جی پی ٹی پلس استعمال کر سکتا ہے ۔ وہ بھی اس صورت میں جب پرائیویسی سیٹنگز کو فعال کیا گیا ہو۔ امریکی کانگریس کے ممبران مائیکرو سافٹ کے اس اے آئی ٹول کو اپنی ذاتی ڈیوائسز میں استعمال کر سکتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان نے اس پابندی پر کہا ہے کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ سرکاری صارفین کو اپنے بہت سے اہم ڈیٹا کے لیے اعلیٰ سیکیورٹی کی ضرورت ہے۔ اسی لیے ہم نے مائیکروسافٹ AI ٹولز جیسے Copilot کے لیے ایک روڈ میپ کا اعلان کیا ہے جو حکومتی ڈیٹا کے تحفظ اور دیگر ضروریات کو پورا کرتا ہے، جسے ہم اس سال کے آخر میں متعارف کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔