اہم ترین

اسرائیل کو ایرانی سفارت خانے پر حملے کی سزا دی جائے گی: خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی سفارت خانے پر حملہ ایرانی سرزمین پر حملہ ہے، اسرائیلی حکومت کو سزا دی جائے گی

ایران کے دارالحکومت تہران کی جامع مسجد خمینی میں نماز عید کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران آیت اللہ خامنہ ای نے کہا اس سال رمضان المبارک کا مقدس مہینہ غزہ میں ہونے والے خونریز واقعات کی بدولت پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے بہت تلخ تھا۔

انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے غزہ میں ہونے والے واقعات کے ذریعے اپنی تہذیب کی شرانگیزی کا پردہ فاش کیا۔ مغربی حکومتوں نے اپنی شیطانی فطرت کو دنیا کے سامنے ظاہر کردیا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا گزشتہ 6 ماہ کے دوران غاصب صیہونی طاقت نے بچوں اور مظلوم خواتین کی جانیں لیں۔ انہوں نے 30 ہزار سے زائد بے گناہ انسانوں کو شہید کیا۔ اس کے باوجود یہ صیہونی طاقت فلسطینیوں کی مزاحمت کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا انسانی حقوق کے بارے میں راگ الاپنے والے لوگ اور ادارے کہاں ہیں جو اپنی مکروہہ آواز سے دنیا کو بہرا کرتے ہیں؟ کیا غزہ کے لوگ انسان نہیں ہیں؟ کیا ان کے حقوق نہیں؟

ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ شیطانی صفت صیہونی حکومت نے اپنی غلطیوں میں ایک اور غلطی کا اضافہ کر دیا اور وہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ ہے۔ ہمارے سفارت خانے پر حملے کا مطلب ہماری سرزمین پر حملہ کیا۔ صیہونی حکومت نے غلطی کی ہے اور اسے سزا ملنی چاہيے اور اسے سزا ملے گی۔

پاکستان