اہم ترین

پاکستانیوں نے 8 ماہ میں 326 ارب روپے کے غیر ملکی موبائل فون خریدڈالے

پاکستان میں رواں مالی سال 2024 کے دوران اب تک مجموعی طور پر ایک ارب 14 کروڑ 84 لاکھ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے ہیں جب کہ ملک میں بننے والے موبائل فونز کی خرید و فروخت اس کے علاوہ ہے۔

پاکستان میں اس وقت 25 سے زائد موبائل بنانے والی کمپنیاں کام کررہی ہیں۔ جو کم قیمت میں بہتر کاکردگی کے حامل موبائل فون تیار کررہی ہیں۔ اس کے باوجود ملک مین غیر ملکی ساختہ سیلولر فون کی مانگ بڑھی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی کے ابتدائی 8 ماہ یکم جولائی سے 29 فروری کے دوران درآمد شدہ موبائل فون کی خریداری میں گشزشتہ برس کے اسی دورانیے کے مقابلے میں ڈھائی گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 23-2022 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 44 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کے موبائل فون اور ایسیسریز درآمد کئے گئے تھے جب کہ رواں سال اس کا حجم بڑھ کر ایک ارب 14 کروڑ 84 لاکھ ڈالر تک جاپہنچا۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 326 ارب سے زائد بنتی ہے۔

فروری 2024 میں مجموعی طور پر 16 کروڑ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔ جب کہ جنوری کے مہینے میں اس کا حجم 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا۔ اسی طرح سالانہ بنیادوں پر بات کی جائے تو گزشتہ برس فروری میں 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے موبائل فون درآمد کیے تھے۔

فروری 2024 میں درآمد کیے گئے موبائل فون جنوری 2024 کے مقابلے میں 17.46 فیصد کم ہیں جبکہ فروری 2023 کے مقابلے میں موبائل فون کی درآمد میں 386 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان نے جنوری 2024 میں 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور فروری 2023 میں 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے موبائل فون درآمد کیے تھے۔

پاکستان