اہم ترین

پاکستان ایران کے ساتھ: قومی اسمبلی و سینیٹ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف قراردادیں

پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے اسرائیلی حملے کو انتہائی سنگین، غیرذمہ دارانہ اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں جانی نقصان پر ایرانی عوام سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔ جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظورکرلی گئیں ہیں۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایران پر اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔یہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔پاکستان، ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم کی مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ایران پر اسرائیل کے بلااشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نےکہا کہ یہ انتہائی سنگین اور نہایت غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔جو پہلے ہی غیر مستحکم خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مذمتی قراردادیں منظور

سینیٹ اور قومی اسمبلی نے ایران پر اسرائیل کے حملے کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کرلیں، دونوں ایوانوں نے اسرائیلی حملے کو ایران کی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایران کے ساتھ کھڑا رہنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔

نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوان بالا میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، مسلم دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ مذمتی قرارداد پیپلز پارٹی کے رکن نوید قمر نے پیش کی۔ قرارداد میں اسرائیلی حملے کو ایرانی سالمیت، عالمی قوانین، یو این چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا کو سنگین خطرے میں ڈال دیا، پاکستان اسلامی ایرانی حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاکستان