اہم ترین

برطانیہ میں پاکستانی نژاد بچی کا قتل؛ باپ اور سوتیلی ماں کو عمر قید

برطانیہ کی عدالت نے گزشتہ برس گھر سے مردہ حالت میں ملنے والی 10 سالہ بچی سارہ شریف کے باپ اور سوتیلی ماں کو قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا سنادی ہے۔

لندن پولیس نے 10 اگست 2023 کو ایک گھر سے 10 سالہ سارہ شریف کی لاش ایک کمبل میںپلٹی ہوئی ملی تھی۔ سارہ شریف اسی گھر کے مالک عرفان شریف کی بیٹی تھی جو اپنی دوسری اہلیہ بینش عرفان اور بھائی فیصل ملک کے ہمراہ پاکستان فرار ہوگیا تھا۔

برطانوی حکام نے عدالت کو بتایا تھا کہ ننھی سارہ کے جسم پر 70 سے زائد زخم موجود تھے جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ اسے مسلسل گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اس کیس نے سماجی خدمات اور حکومتی اداروں کی ناکامی پر بھی کئی سوالات اٹھا دیے ہیں کہ وہ سارہ کی حفاظت کے لیے کیوں نہ مداخلت کر سکے۔

فرار کے ایک ماہ سے زائد عرصے بعد تینوں افراد برطانیہ واپس آئے، جہاں انہیں قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا۔

دوران سماعت پہلے عرفان شریف نے اس واقعے کی ذمہ داری اپنی دوسری اہلیہ بینش عرفان پر عائد کی تھی لیکن اس کے بعد اس نے اعتراف جرم کرلیا تھا۔

عدالت نے ثبوتوں اور شواہد کی روشنی میں عرفان شریف اور بینش شریف کو عمر قید جب کہ بچی کے چچا فیصل ملک کو 16 سال قید کی سزا سنادی۔ عرفان شریف کو کم از کم 40 اور بینش بتول کو 33 سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔

پاکستان